تازہ ترین
کام جاری ہے...
اتوار، 28 جولائی، 2013

’عبقری‘ کے روحانی اقتباسات

آج سویرے ہاکر ’ڈان‘ کے ساتھ ماہنامہ عبقری لاہور کا تازہ شمارہ بھی پھینک گیا۔ حسبِ معمول قریب از دوپہر بیدار ہو کر گیراج میں اخبار لینے گیا تو وہاں بیچارے ’ڈان‘ کو ’عبقری‘ کے ’روحانی بوجھ‘ تلے دبا ہوا پایا۔ یکے بعد دیگرے دونوں کو بالترتیب مرغوبیت اور مرعوبیت سے اٹھایا اور بغیر ٹیلیویژن والے ٹی وی لاؤنج میں اپنی مخصوص نشست پر براجمان ہو کر پہلے ’ڈان‘ پر نظر دوڑائی۔ سرخیوں اور مضامین کے عناوین کو دیکھنے کے بعد چنیدہ چیزوں کے تفصیلی مطالعے کو موقوف کرتے ہوئے خود کو اپنے ہی باذوق ہونے کا ثبوت فراہم کرنے کے لئے ’عبقری‘ کی جانب مائل ہوا کہ مجلے کی پیشانی پر ’باذوق مردوں اور باوقار خواتین کے لئے جسے بچے بھی پڑھ سکتے ہیں‘ کے الفاظ درج تھے۔ اب جو فہرست مضامین پر نظر ڈالی تو دنیا و مافیہا کے ہر ممکنہ اور غیرممکنہ مسئلے کا حل ’عبقری‘ میں پوشیدہ پایا۔ اگلے پچپن صفحات پر جو کچھ درج تھا اسے مکمل طور پر ہضم کی سکت آپ کے روحانیت سے عاری معدے میں یقیناً نہیں ہوگی، تاہم کچھ جھلکیاں ملاحظہ فرمائیے اور اپنی حیاتِ آسودگی طلب کو اطمینان کی دولت سے مالا مال کیجئے کہ ’عبقری‘ میں ’گھر بھر کی جسمانی بیماریوں، ذہنی الجھنوں اور روحانی مسائل کا حل‘ موجود ہے۔

تبادلہ رکوانا
اگر کسی کا تبادلہ مرضی اور بلا کسی سبب کے دور دراز ہوگیا ہو یا وہ چاہتا ہو کہ دوبارہ اسی پوسٹ پر اسی شہر میں واپس آجاؤں تو سورہء لہب پارہ نمبر 30 مکمل باوضو ہر روز عشاء کی نماز کے بعد انیس مرتبہ انیس روز تک بلاناغہ پڑھیں اور متبادلہ کی منسوخی کی دعا کریں۔ انشاءاللہ تبادلہ منسوخ ہوجائے گا۔

مقدمہ میں کامیابی
بعض لوگ اپنی غلطی سے یا بعض مرتبہ دشمنوں اور حاسدوں کی چال کے سبب مقدمات میں الجھ جاتے ہیں اور عدالت کے چکر لگا لگا کر وقت اور رقم دونوں برباد کردیتے ہیں لیکن مقدمہ میں جگہ جگہ ناکامی ہوتی ہے۔ مقدمہ میں کامیابی کیلئے گھر کے سب افراد مرد عورت کثرت سے یاحفیظ پڑھیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ مقدمہ میں کامیابی ہوگی۔

مقبولیت اور عزت
جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کا چہرہ پرکشش و پرنور ہوجائے۔ اس کی ہیبت ہر شخص کے دل پر قائم ہوجائے اور وہ لوگوں کو جو بھی حکم دے وہ اس کی تعمیل کریں تو اسے چاہیے کہ ہر روز تازہ غسل کر کے بالکل سفید لباس پہن کر بعد نماز عشاء مکمل تنہائی میں دو نفل ادا کرنے کے بعد المومن سات سو چھیاسی مرتبہ روزانہ پڑھے تو اکتالیس دن کے بعد دیوار پر ایک نور ظاہر ہوگا اور اس کو ایسا محسوس ہوگا کہ جیسے یہ نور اس کے دل میں منتقل ہورہا ہے اور اس کے بعد اس میں یہ صفت پیدا ہوجائے گی کہ جو بھی وہ لوگوں کو حکم دے گا۔ لوگ اس کی تعمیل کریں گے اور اس کے چہرے پر ایک خاص قسم کا نور ہر وقت جلوہ گر رہے گا اور انشاءاللہ تعالیٰ اس کی قدر و منزلت میں خوب اضافہ ہوگا۔

مراقبے سے فیض پانے والے
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ مراقبے کے بارے میں کافی فرماتے ہیں اور لوگوں کی کیفیات بھی بہت ہیں، کچھ عبقری میں کیفیات پڑھنے سے اور آپ کے درس اور حلقہ کشف المحجوب میں مراقبہ پر زور دینے سے مجھ میں بہت شوق پیدا ہوا۔ روزانہ تھوڑا سا مراقبہ کرتا ہوں، کافی عرصے بعد ایک دو بار ہلکی سی کیفیت ہوئی ہے، ایک بار سفید سی چیز کو اوپر آسمان پر جاتے ہوئے دیکھا اور ایک مرتبہ خود کو خانہ کعبہ کے قریب محسوس کیا۔ اب جب بھی مراقبہ شروع کرتا ہوں تو نور کو آسمان سے آتے ہوئے محسوس کرتا ہوں۔ جب سے مراقبہ کرنا شروع کیا ہے میری الحمدللہ بہت سی پریشانیاں دور ہورہی ہیں اور مجھے سکون کی نیند نہیں آتی تھی، میں ڈیپریشن کا مریض تھا مگر الحمدللہ ہر وقت دماغی سکون رہتا ہے اور میں پرسکون نیند سوتا ہوں۔ مراقبے نے میرے بہت سارے مسائل حل کردئیے ہیں۔ (خ،م۔لاہور)

روحانی پھکی کی کیا بات ہے۔۔۔ !!!
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری کی پچھلی چھ ماہ سے قاری ہوں اور تقریباً دو ماہ سے روحانی پھکی استعمال کررہی ہوں اور اس نیت سے استعمال کرتی ہوں کہ اللہ میری تمام بیماریاں دور کردے، اللہ کے حکم سے کافی فرق پڑا ہے۔ اس سے پہلے گرمیاں شروع ہوتے ہی پاؤں پر دانے نکلتے تھے جو پانی والے ہوتے تھے اور اس سے پہلے خارش ہوتی ہے جب سے پھکی استعمال کی ہے۔ اللہ کا کرم ہے کہ اس مرتبہ پانی والے دانے نہیں بنے، کافی فرق ہے اور پیٹ میں بھی سکون محسوس ہوتا ہے۔ (ثریا ناز)
 
امید واثق ہے کہ آپ کو ’عبقری‘ کے ان روحانی اقتباسات سے کافی فرق پڑا ہوگا اور پیٹ میں بھی سکون محسوس ہورہا ہوگا، بصورتِ دیگر مبلغ چالیس روپے سکہ رائج الوقت میں ’عبقری‘ خرید فرمائیے اور ’سانس میں ذکر بسانے کا سائنسی طریقہ‘، ’جنات کا پیدائشی دوست (قسط نمبر 46) از علامہ لاہوتی پراسراری‘، ’عبقری وظیفے سے حج کیسے ہوا؟‘، ’جنات کا دیا کباب کھایا اور زندگی برباد‘ اور ’چاق و چوبند رہنے کے انوکھے راز‘ جیسی روحانی تحریروں سے مستفید و مستفیض ہوئیے۔

پسِ تحریر: جو احباب حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی اور ’عبقری‘ کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ان سے معذرت کا خواستگار ہوں مگر میرے نزدیک یہ سب طنز و مزاح کے سوا کچھ بھی نہیں۔

ایک تبصرہ:

  1. السلام علیکم
    آپ کا مضون پڑھا ۔ آپ کی رائے ایسے ہے جیسے پوری دنیا میں کتنے عقل مند سمجھدار لوگ ہیں لیکن ان کو اتنی بھی سمجھ نہیں کہ ایک سچا دین ۔۔ اسلام بھی ہے ہم کیوں نہ مسلمان ہو جائیں ۔
    وہ کافر ہیں لیکن پھر بھی خود کو وہ عقلمند سمجہتے ہیں ۔ کیوں کہ ان کو اسلام کی حقیقت کا پتا نہ ہے ۔ اسی طرح آپ کو بھی عبقری کی حقیقت کا پتا نہ ہے ۔
    آپ برائے مہربانی ان لنک کو سن لیں ۔
    http://www.ubqari.org/index.php?r=audio/home
    اللہ حافظ
    ڈاکٹر ارشد ملک ملتان

    جواب دیںحذف کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


 
فوٹر کھولیں‌/بند کریں