تازہ ترین
کام جاری ہے...
جمعہ، 20 مارچ، 2015

ثابت قدمی اور استقلال


رانیا العلول وہ خاتون ہیں جنہیں تقریباً ایک مہینہ پہلے کینیڈا کے شہر مونٹریال کی عدالت میں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران حجاب اوڑھے ہوئے ہونے کی وجہ سے کرسیِ انصاف پر بیٹھی خاتون جج کی طرف سے تعصب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جج نے رانیا سے کہا کہ وہ جب تک حجاب نہیں اتاریں گی تب تک ان کی بات نہیں سنی جائے گی۔ رانیا نے حجاب اتارنے سے انکار کردیا جس کے باعث ان کے مقدمے کی سماعت نہ ہوسکی۔ مذکورہ مقدمہ رانیا کی گاڑی سے متعلق تھا جسے مقامی حکام نے اس وقت قبضے میں لے لیا جب رانیا کا اکیس سالہ بیٹا زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ اسے چلا رہا تھا۔

اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد کینیڈا سے ہی تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں نعمان احمد اور ریان رافع نے مل کر رانیا کو ایک نئی گاڑی کے لیے رقم مہیا کرنے کی غرض سے انٹرنیٹ پر ایک فنڈ قائم کیا جس میں دو ہفتے کے دوران 52 ہزار ڈالرز کی رقم جمع ہوئی۔ رقم جمع ہونے کے بعد رانیا سے رابطہ کیا گیا تاکہ وہ رقم ان کے سپرد کی جاسکے۔ رانیا صرف عدالت میں ہی ثابت قدم نہیں تھیں، انہوں نے اس موقع پر بھی استقلال کا مظاہرہ کیا اور مذکورہ رقم لینے سے انکار کردیا۔ رانیا کا کہنا ہے کہ یہ رقم انسانی حقوق کے فروغ کے لیے استعمال کی جائے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رانیا روزگار کا کوئی وسیلہ نہ ہونے کی وجہ سے شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔

ایک تبصرہ:

  1. یہ واقعہ اُس مُلک کے ایک بڑے شہر کا ہے جہاں باور کیا جاتا ہے کہ زیادہ تر پڑھ لکھے لوگ بستے ہیں ۔ میری سمجھ میں آج تک نہیں آ سکا کہ میرے ہموطن پڑھے لکھے اپنے لوگوں کو تنگ نظر اور اُنہیں روشن خیال کس بنا پر کہتے ہیں

    جواب دیںحذف کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


 
فوٹر کھولیں‌/بند کریں